اسلام آباد کی فضاؤں میں پاک فضائیہ کا شاندار مظاہرہ، شاہینوں کی گھن گرج

اسلام آباد:  اسلام آباد میں “اسلام آباد ٹاکس” کے تحت ایک اہم اور تاریخی سفارتی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلیٰ سطحی وفد مذاکرات کے لیے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ اس پیش رفت کو خطے میں کشیدگی میں کمی اور دیرپا امن کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف کر رہے ہیں جبکہ وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت دفاعی، سیاسی، اقتصادی اور قانونی امور سے متعلق اعلیٰ حکام بھی وفد میں شامل ہیں۔

ایرانی وفد نور خان ایئر بیس اسلام آباد پہنچا جہاں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

اسی موقع پر اسلام آباد کی فضائی حدود میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے شاندار اور منظم فضائی مظاہرہ پیش کیا، جس نے فضاؤں میں گونجتی گھن گرج اور دلکش فارمیشنز کے ذریعے ایک متاثر کن منظر قائم کر دیا۔

اس فضائی مظاہرے کو نہ صرف دفاعی پیشہ ورانہ مہارت بلکہ پاکستان کی فضائی قوت اور نظم و ضبط کا بھرپور اظہار قرار دیا جا رہا ہے۔

پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں کی یہ شاندار پروازیں قومی دفاعی صلاحیتوں، اعلیٰ تربیت اور جدید تکنیکی مہارت کا واضح ثبوت ہیں۔ شاہینوں کی اس کارکردگی کو ملک بھر میں زبردست پذیرائی حاصل ہوئی اور اسے قومی فخر کا لمحہ قرار دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کا اعلیٰ سطحی وفد اسلام آباد ٹاکس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گیا، دفتر خارجہ

ذرائع کے مطابق یہ فضائی مظاہرہ غیر ملکی وفود کے اعزاز میں ایک پروفیشنل اور روایتی عسکری روایت کے طور پر پیش کیا گیا، جس نے پاکستان کی دفاعی قوت اور سفارتی پروٹوکول کو مزید نمایاں کیا۔

دوسری جانب دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وفد کا مقصد امریکا کے ساتھ براہ راست اور بالواسطہ مذاکرات میں شرکت ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق باضابطہ مذاکرات کا آغاز اس وقت تک نہیں ہوگا جب تک امریکا کی جانب سے پیشگی شرائط پر پیش رفت نہیں ہوتی۔

پاکستان اس پورے عمل میں ایک ذمہ دار میزبان اور سہولت کار کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ اسلام آباد میں جاری یہ مذاکرات خطے کی صورتحال میں بہتری اور کشیدگی میں کمی کے حوالے سے نہایت اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔

پاکستان کی سفارتی کوششیں اور پاک فضائیہ کا شاندار مظاہرہ دونوں مل کر ملک کے مثبت تشخص، دفاعی استعداد اور علاقائی امن کے لیے اس کے فعال کردار کو نمایاں کر رہے ہیں۔

Scroll to Top