اسلام آباد مذاکرات! پاکستان نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کیلئے باعث فخر لمحہ ہے ، وزیراعظم

اسلام آباد مذاکرات! پاکستان نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کیلئے باعث فخر لمحہ ہے ، وزیراعظم

وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے باعث فخر لمحہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خلیج میں اب جنگ نہیں بلکہ امن کی باتیں ہو رہی ہیں، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی تجویز پر امریکا اور ایران نے عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا، اور اب دونوں ممالک کی قیادت پاکستان کی پرخلوص دعوت پر اسلام آباد پہنچ رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ پیش رفت خطے میں امن کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

شہباز شریف نے جنگ بندی کی کوششوں میں اہم کردار ادا کرنے پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے شعلے بجھانے میں فیلڈ مارشل کی خدمات تاریخ میں سنہرے الفاظ میں یاد رکھی جائیں گی۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کو امن کے لیے عالمی حمایت حاصل ہے اور اس نازک صورتحال میں پاکستانی قیادت نے بھرپور اعتماد کے ساتھ دونوں فریقین کو عارضی جنگ بندی پر آمادہ کیا۔ ان کے مطابق اب دونوں ممالک، جو پہلے جنگ میں آمنے سامنے تھے، مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے پر آمادہ ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ ایرانی وفد، اسپیکر باقر قالیباف کی قیادت میں اسلام آباد پہنچ چکا ہے جس میں وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی شامل ہیں، جبکہ امریکی وفد نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں جلد پہنچنے والا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلام آباد مذاکرات پر امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کو کشیدگی کم کرنے اور دشمنی کے خاتمے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں، جبکہ اقوام متحدہ کے نمائندے خطے میں سفارتی کوششوں کی حمایت کے لیے موجود ہیں۔

Scroll to Top