اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے خصوصی ڈائیورشن پلان جاری کر دیا ہے۔ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون کو مکمل طور پر بند رکھا جائے گا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق کشمیر چوک کلب روڈ سے سرینگر ہائی وے کی جانب زیرو پوائنٹ تک ٹریفک بند رہے گی، جبکہ سرینگر ہائی وے پر زیرو پوائنٹ سے سرینا چوک تک آمد و رفت معطل ہوگی۔ اسی طرح شکرپڑیاں روڈ، چاند تارہ چوک سے سیونتھ ایونیو اور جناح ایونیو، خیابان چوک سے بلیو ایریا روڈ بھی بند رہے گا۔
فیصل چوک سے ٹریل 3 تک مارگلہ روڈ پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل رہے گی جبکہ ایکسپریس وے زیرو پوائنٹ سے کورال چوک تک بند رہے گی۔
ٹریفک پولیس نے 11 سے 12 اپریل کے دوران شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ شہریوں کو متبادل راستوں کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔
جی ٹی روڈ پشاور سے راولپنڈی آنے والی ٹریفک کو ٹیکسلا موٹروے، چکری، چک بیلی روڈ اور روات روڈ استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ لاہور سے پشاور جانے والی ٹریفک کے لیے روات، چک بیلی روڈ، چکری اور ٹیکسلا موٹروے متبادل راستے مقرر کیے گئے ہیں۔
فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ آنے جانے والی ٹریفک کو 9th ایونیو کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ اسی طرح بھارہ کہو سے راولپنڈی جانے والی ٹریفک کورنگ روڈ، بنی گالہ، لہتراڑ روڈ اور جی ٹی روڈ استعمال کرے گی۔
پشاور سے لاہور جانے والی ٹریفک کے لیے ٹیکسلا موٹروے اور ترنول پھاٹک سے فتح جنگ موٹروے متبادل راستے مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ لاہور جی ٹی روڈ سے اسلام آباد آنے والی ہیوی ٹریفک کو چک بیلی روڈ اور چکری موٹروے استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔





