امریکی نائب صدر جی ڈی وینس کا طیارہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہنچ گیا

امریکی نائب صدر جی ڈی وینس کا طیارہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہنچ گیا

پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں اور مثبت ثالثی کے نتیجے میں ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے امن مذاکرات کے لیے امریکی وفد اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔

امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور مشیر جیرڈ کشنر پر مشتمل وفد کا طیارہ اسلام آباد لینڈ کر چکا ہے۔ اس سے قبل امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی مذاکرات میں شرکت کے لیے میری لینڈ سے پاکستان روانہ ہو چکے تھے۔

روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکا تعمیری اور مثبت مذاکرات کا خواہاں ہے، اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حوالے سے واضح ہدایات دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھیں گے۔

دوسری جانب ایرانی وفد پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکا ہے۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران خیرسگالی کے جذبے کے تحت مذاکرات میں شریک ہو رہا ہے، تاہم امریکا پر مکمل اعتماد موجود نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر امریکا ایران کے جائز حقوق تسلیم کرے اور ایک حقیقی اور منصفانہ معاہدہ پیش کرے تو ایران کسی بھی معاہدے کے لیے تیار ہے۔

Scroll to Top