وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ “اسلام آباد ٹاکس” کی عالمی میڈیا کوریج کے لیے تمام ضروری سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں، جبکہ بھارت سے کوئی بھی صحافی کوریج کے لیے پاکستان نہیں آ رہا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ کنونشن سینٹر میں جدید اور اسٹیٹ آف دی آرٹ میڈیا سینٹر مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے تاکہ بین الاقوامی صحافیوں کو بہترین سہولیات میسر ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا سے آنے والے صحافیوں کے لیے ویزہ آن ارائیول کی خصوصی سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ کوریج کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔
عطا اللہ تارڑ کے مطابق اب تک 100 سے زائد غیر ملکی صحافیوں نے ویزوں کے لیے درخواستیں دی ہیں، جن میں سے 69 صحافیوں کو ویزے جاری کیے جا چکے ہیں۔ ان میں چین، جاپان، کوریا اور جرمنی سمیت مختلف ممالک کے میڈیا نمائندے شامل ہیں جو اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ بھارت سے کوئی صحافی اس ایونٹ کی کوریج کے لیے پاکستان نہیں آ رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی آزاد خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ذمہ دار ریاست کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ “اسلام آباد ٹاکس” کے دوران عالمی صحافیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ اس اہم سفارتی ایونٹ کے مثبت اثرات پوری دنیا تک پہنچ سکیں۔





