وفاقی دارلحکومت میں جاری “اسلام آباد ٹاکس” کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایرانی وفد سے اہم ملاقات کی ہے،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی وفد کی قیادت ایرانی مشاورتی اسمبلی کے سپیکر محمد باقر قالیباف کر رہے تھے جن کے ہمراہ وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی موجود تھے۔
پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی بھی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد ٹاکس میں ایران کی شرکت کو سراہا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لیے اپنا ثالثی کا کردار جاری رکھے گا تاکہ خطے کے مفاد میں بامعنی نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور استحکام کی کوششوں میں ہمیشہ پیش پیش رہے گا۔ ایرانی وفد نے بھی پاکستان کی ان مخلصانہ کوششوں اور میزبانی کو سراہتے ہوئے مستقبل میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔





