پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک اور عالمی سنگ میل عبور کرتے ہوئے ویرات کوہلی اور کرس گیل کا پارٹنرشپ سے متعلق اہم ریکارڈ برابر کردیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں لاہور قلندرز کے خلاف میچ کے دوران بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچری پارٹنرشپس کا حصہ بننے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
بابر اعظم نے کوشل مینڈس کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 109 رنز بنائے، جو ان کے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی مجموعی طور پر 46 ویں سنچری پارٹنرشپ تھی۔ اس سے قبل بھارت کے ویرات کوہلی اور ویسٹ انڈیز کے کرس گیل بھی مختلف بیٹرز کے ساتھ 46 مرتبہ سنچری شراکتیں بنانے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
بابر اعظم نے یہ کارنامہ اپنے حریفوں کے مقابلے میں انتہائی کم اننگز میں انجام دیا ہے۔ جہاں کرس گیل نے 455 اور ویرات کوہلی نے 400 اننگز میں 46 سنچری شراکتیں بنائیں، وہیں بابر اعظم نے صرف 339 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کر کے اپنی برتری ثابت کر دی ہے۔
اس ریکارڈ ساز اننگز کے دوران بابر اعظم نے پی ایس ایل کی تاریخ میں اپنے 4000 رنز بھی مکمل کر لیے ہیں۔ وہ پاکستان سپر لیگ میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔





