نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ایرانی مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی کی اسلام آباد میں امن مذاکرات کے دوران ملاقات ہوئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مستقل مکالمے کا تسلسل وقت کی اہم ضرورت ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ڈاکٹر عبدالناصر ہمتی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام ہی وہ بنیاد ہے جس پر معاشی تعاون اور مشترکہ ترقی کی عمارت کھڑی کی جا سکتی ہے۔
دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ علاقائی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے پرامن ماحول ناگزیر ہے، ملاقات میں اسلام آباد میں جاری سفارتی کوششوں اور اسلام آباد ٹاکس کی اہمیت کو سراہا گیا۔





