خیبر پختونخوا میں ڈاکٹروں کی بھرتی کے لیے نیا میرٹ سسٹم متعارف، نوٹیفکیشن جاری

خیبر پختونخواکے محکمہ صحت نے ڈاکٹروں کی بھرتی کے عمل کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے نیا میرٹ سسٹم متعارف کرا دیا ہے جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بھرتی کے مجموعی انتخابی عمل میں تعلیمی نمبروں کو سب سے زیادہ اہمیت دی گئی ہے، جن کے لیے 60 فیصد وزن مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 20 فیصد نمبر اعلیٰ تعلیمی قابلیت کے لیے مختص کیے گئے ہیں جبکہ باقی 20 فیصد انٹرویو کے لیے رکھے گئے ہیں۔ اس طرح امیدواروں کا مجموعی اسکور 100 نمبروں پر مشتمل ہوگا۔

محکمہ صحت نے میرٹ کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک نیا گریڈنگ سسٹم بھی متعارف کرایا ہے۔ اس نظام کے تحت امیدواروں کو نمبر پہلی، دوسری اور تیسری ڈویژن کی بنیاد پر دیے جائیں گے، جس سے کارکردگی کا زیادہ واضح اور منصفانہ جائزہ ممکن ہو سکے گا۔

نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اضافی تعلیمی ڈگریوں کے حامل امیدواروں کو اضافی نمبر دیے جائیں گے۔ ایک اضافی ڈگری پر 10 نمبر، دو اضافی ڈگریوں پر 15 نمبر جبکہ تین اضافی ڈگریوں پر 20 نمبر دیے جائیں گے۔

محکمہ صحت کے مطابق ڈاکٹروں کی بھرتی کے لیے یہ نیا میرٹ معیار صوبے بھر میں فوری طور پر نافذ العمل کر دیا گیا ہے۔

Scroll to Top