پاکستان اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے تناظر میں سوشل میڈیا پر وزیراعظم شہباز شریف کے سعودی عرب کے مبینہ دورے سے متعلق پروپیگنڈا پر مبنی جعلی خبروں پھیلنے لگیں۔
حکومتی ذرائع نے ان دعوؤں کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسی اطلاعات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، وزیراعظم شہبازشریف اسلام آباد مذاکرات میں مصروف ہیں۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وزیراعظم کسی ہنگامی دورے پر سعودی عرب روانہ ہو رہے ہیں تاہم سرکاری سطح پر اس حوالے سے نہ کوئی اعلان کیا گیا ہے اور نہ ہی کسی دورے کی تصدیق موجود ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ افواہیں منظم پروپیگنڈا کا حصہ ہیں جن کا مقصد عوام میں غلط فہمی اور غیر ضروری قیاس آرائی پیدا کرنا ہے۔ ذرائع نے واضح کیا کہ وزیراعظم کے کسی بھی ہنگامی دورے کا کوئی شیڈول جاری نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ٹاکس، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ایرانی مرکزی بینک کے گورنر کی ملاقات
سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ حساس سفارتی معاملات کے دوران اس نوعیت کی جعلی اور پروپیگنڈا پر مبنی خبروں کا پھیلاؤ نہ صرف عوام کو گمراہ کرتا ہے بلکہ سفارتی ماحول کو بھی متاثر کرنے کی کوشش ہو سکتا ہے۔





