امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ اسلام آباد میں مذاکرات جاری ہیں دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا امریکہ نے ایران کے ساتھ مختلف سطحوں پر تنازع میں برتری حاصل کی ہے، ہم ایران کو جنگ میں شکست دے چکے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں کچھ بارودی سرنگیں بچھائی گئی تھیں جنہیں بعد ازاں ہٹا دیا گیا۔
ٹرمپ کے مطابق آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی کی جا رہی ہے اور 28 بارودی سرنگوں والی کشتیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایران امریکامذاکرات کی میزبانی پاکستان کی سب سے بڑی کامیابی ہے،بلاول
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کی فضائیہ، بحریہ اور ریڈار نظام کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے اور اس کی عسکری صلاحیت کو کمزور کیا گیا ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ فیک نیوز کی ساکھ 13 فیصد تک گر چکی ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ امریکہ آبنائے ہرمز کو کھلا دیکھنا چاہتا ہے، اگرچہ ان کے مطابق امریکہ اس راستے کو براہ راست استعمال نہیں کرتا، انہوں نے یہ بھی کہا کہ دیگر ممالک اس صورتحال سے خوفزدہ یا کسی مشکل کا شکار ہیں۔
آبنائے ہرمز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور بحری راستوں کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کو بھی خبردار کیا کہ اگر اس نے ایران کو ہتھیار فراہم کیے تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔





