وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ امن مذاکرات کی کامیابی نہ صرف خطے بلکہ عالمی معیشت کے لیے بھی مثبت ثابت ہوگی۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اسلام آباد میں جاری امن مذاکرات کی میزبانی پر فخر ہے اور یہ پیش رفت پاکستان کے سفارتی کردار کی عکاسی کرتی ہے، پاکستان نے فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ برادر ممالک کی مثبت کوششوں سے امن کے قیام کا موقع ملا ہے جبکہ بداعتمادی کے بجائے بات چیت اور مکالمے کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔
احسن اقبال نے اس بات پر زور دیا کہ کشیدگی کے بجائے برداشت اور دانشمندی سے کام لینے کی ضرورت ہے کیونکہ جنگ نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ بحران عالمی سطح پر مہنگائی، توانائی کی فراہمی میں رکاوٹ اور مارکیٹوں میں غیر یقینی صورتحال کا باعث بن رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کے ساتھ اسلام آباد میں مذاکرات جاری ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
احسن اقبال نے کہا کہ اگر کشیدگی جاری رہی تو اس کے اثرات غربت میں اضافے کی صورت میں عام عوام تک پہنچیں گے، جبکہ امن مذاکرات کی کامیابی لاکھوں خاندانوں کے مستقبل کے لیے اہم ثابت ہوگی۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے مزید کہا کہ تاریخ ان اقوام کو یاد رکھتی ہے جو طاقت کے بجائے دانشمندی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔





