پاکستان کی ثالثی میں امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں جاری مذاکرات کا ایک اہم مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔
ایرانی نیوز ایجنسی کے مطابق یہ مذاکرات اسلام آباد میں مقامی وقت کے مطابق اتوار کی صبح 3 بج کر 12 منٹ پر اختتام پذیر ہوئے جبکہ اس مرحلے میں فریقین کے درمیان کئی گھنٹوں تک بالمشافہ بات چیت جاری رہی۔
ذرائع کے مطابق اس دور میں دونوں ممالک کے وفود نے براہِ راست ملاقاتیں کیں، جس کے بعد تکنیکی ماہرین کی ٹیموں نے زیرِ بحث امور پر تحریری مسودوں کا تبادلہ بھی کیا۔
ایرانی حکومت کے مطابق مذاکراتی عمل مکمل طور پر ختم نہیں ہوا بلکہ بات چیت کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اہم معاملات پر مزید پیش رفت کی توقع کی جا رہی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اس مرحلے میں ماہرین کی سطح پر مزید مشاورت کی ضرورت محسوس کی گئی جبکہ دونوں جانب کی ٹیکنیکل ٹیمیں دستاویزات کے تبادلے میں مصروف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر 24 گھنٹوں میں گوگل پرسرچ کی جانے والی شخصیات میں سرفہرست
ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض اختلافات کے باوجود مذاکراتی عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے اور آئندہ مرحلے میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔





