پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر شاداب خان نے ایک اور بین الاقوامی فرنچائز لیگ کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے۔
وہ 23 جولائی سے یکم اگست تک شیڈول گلوبل سپر لیگ(GSL) کے تیسرے ایڈیشن میں ڈیزرٹ وائپرز کی نمائندگی کریں گے۔
اس لیگ میں شاداب خان کے ساتھ پاکستان کے خزیمہ بن تنویر بھی ایکشن میں نظر آئیں گے، جبکہ ٹیم کی قیادت کرس گرین کریں گے۔ ڈیزرٹ وائپرز کے اسکواڈ میں نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل اور امریکہ کے اینڈریز گوس جیسے اسٹار کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
شاداب خان کا شمار دنیا کے مصروف ترین لیگ کرکٹرز میں ہوتا ہے، وہ اس سے قبل بنگلا دیش پریمیئر لیگ، لنکا پریمیئر لیگ، آئی ایل ٹی 20، دی ہنڈریڈ، میجر لیگ کرکٹ، بگ بیش اور کیریبین پریمیئر لیگ میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ شاداب خان کی شمولیت سے ڈیزرٹ وائپرز کے مڈل آرڈر اور اسپن بولنگ کے شعبے کو تقویت ملے گی۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شاداب خان کی کارکردگی بے مثال رہی ہے۔ وہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کامیاب ترین کپتان ثابت ہوئے ہیں، جنہوں نے حال ہی میں ٹیم کو پی ایس ایل 9 کا ٹائٹل جتوایا۔ بطور کپتان ان کی جیت کا تناسب 57.97 فیصد ہے جہاں انہوں نے 69 میں سے 40 میچز میں کامیابی حاصل کی۔
پی ایس ایل کی تاریخ میں وہ سب سے زیادہ اثر رکھنے والے آل راؤنڈر ہیں جنہوں نے 98 میچوں میں تقریباً ڈیڑھ ہزار رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 112 وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں جس کے باعث وہ ٹورنامنٹ کے تیسرے کامیاب ترین بولر بھی ہیں۔





