خیبر پختونخوا میں بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا فلیش فلڈالرٹ جاری

خیبر پختونخوا میں بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا فلیش فلڈالرٹ جاری

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 16 سے 19 اپریل تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس دوران چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔

اسی طرح پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک میں بھی بارش اور آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ قدرتی آفات نے خبردار کیا ہے کہ ان بارشوں کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مختلف ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ اور کوہستان میں فلیش فلڈنگ جبکہ پشاور، مردان اور نوشہرہ جیسے میدانی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔

تیز ہواؤں اور ژالہ باری کی وجہ سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہےجبکہ صوبے بھر میں کھڑی فصلوں کے متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر کسانوں کو حفاظتی اقدامات کرنے کا کہا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات، ریسکیو ٹیموں کی تیاری اور وسائل کی فراہمی یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ اہم شاہراہوں کو کھلا رکھا جائے، ٹریفک کی روانی کے لیے متبادل راستے فراہم کیے جائیں اور نکاسی آب کے نظام کی صفائی کو فوری مکمل کیا جائے۔

سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور مقامی آبادی کو ندی نالوں سے دور رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔

Scroll to Top