پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (PTCL) نے ملک میں انٹرنیٹ سروسز کی ممکنہ معطلی یا سست روی کے حوالے سے صارفین کو پیشگی اطلاع جاری کر دی ہے۔
پی ٹی سی ایل ترجمان کے مطابق ایک بین الاقوامی سب میرین کیبل میں فنی خرابی کی مرمت کے لیے مینٹیننس کا کام شروع کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے منگل 14 اپریل سے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہو سکتی ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ انٹرنیشنل کیبل کنسورشیم کی جانب سے سب میرین کیبل کی مرمت کا یہ کام 14 اپریل 2026 سے شروع ہوگا اور اس کے 20 اپریل 2026 تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس ایک ہفتے کے دوران انٹرنیٹ صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پی ٹی سی ایل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں واضح کیا ہے کہ مینٹیننس کی سرگرمی کے باعث صارفین کو خاص طور پر شام کے اوقات میں انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی یا سروس کی خرابی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
کمپنی نے صارفین کو پہنچنے والی اس ممکنہ زحمت پر معذرت کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ وہ اس صورتحال میں تعاون کریں جب تک کہ بین الاقوامی کیبل کی مرمت کا کام مکمل نہیں ہو جاتا۔





