امریکی محکمہ انصاف کے مطابق، کابل ایئرپورٹ حملے کے ماسٹر مائنڈ شریف اللہ نے ایف بی آئی حکام کے سامنے اس حملے میں مدد کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
شریف اللہ نے چار حملہ آوروں میں سے دو کی شناخت بھی کی ہے، جنہوں نے 2021 میں کابل ایئرپورٹ پر ہونے والے دہشت گرد حملے میں حصہ لیا تھا۔
امریکی حکام کے مطابق، شریف اللہ نے کابل حملے کی سازش میں اہم کردار ادا کیا تھا اور خاص طور پر امریکی و طالبان کی چوکیوں پر نظر رکھی تھی۔ اس پر دہشت گرد تنظیم کو مالی معاونت فراہم کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔
امریکی محکمہ انصاف نے کہا ہے کہ شریف اللہ کو 5 مارچ 2025 کو ورجینیا میں عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں اس پر تباہ کن حملہ کرنے کی سازش کا الزام عائد کیا جائے گا۔
دوسری جانب، امریکی سیکریٹری دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے افغانستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد سرغنہ شریف اللہ کی گرفتاری پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان کی مدد سے کابل حملے کے ماسٹر مائنڈ کی گرفتاری، امریکہ کا اظہار تشکر
انہوں نے کہا کہ کابل ایئرپورٹ حملے کے ماسٹر مائنڈ کو پکڑنے میں امریکا اور پاکستان نے مل کر کام کیا۔
پاکستان کی مدد سے شریف اللہ کی گرفتاری ایک اہم کامیابی قرار دی جا رہی ہے، جس سے امریکی اور پاکستانی حکام کی تعاون کی اہمیت ایک بار پھر اجاگر ہوئی ہے۔