ایبٹ آباد: ہزارہ ڈویژن پولیس کی ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی نے 12 انٹر کوالیفائیڈ ہیڈ کانسٹیبلز کو اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) کے عہدے پر ترقی دے دی۔
ترقیوں کا فیصلہ ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ہزارہ ڈویژن ناصر محمود ستی کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس میں ڈی پی او ایبٹ آباد عمر طفیل، ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور، ڈی ایس پی لیگل مانسہرہ سید اخلاق حسین شاہ، آفس سپرنٹنڈنٹ نزاکت خان، پی ایس او محمد جاوید اور اسٹیبلشمنٹ انچارج دلاور نے شرکت کی۔
اجلاس میں ہزارہ کے مختلف اضلاع سے 16 ہیڈ کانسٹیبلز پیش ہوئے، جن میں سے 12 کو محکمے کے قواعد و ضوابط پر پورا اترنے کے بعد اے ایس آئی کے عہدے پر ترقی دی گئی، جبکہ باقی اہلکاروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ محکمانہ شرائط پوری کریں۔
اس موقع پر آر پی او ناصر محمود ستی نے ترقی پانے والے افسران اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ترقی کے بعد ان کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔
انہوں نے افسران کو ایمانداری، محنت اور لگن کے ساتھ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ پولیس ڈیپارٹمنٹ کو ان پر فخر ہو۔