اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کے خطے میں امن و استحکام کے لیے کردار کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ تحسین قرار دیا ہے، جسے سفارتی حلقوں میں پاکستان کے لیے اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی صورتحال، حالیہ پیش رفت اور پاکستان کے سفارتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے گفتگو کے دوران پاکستان کی جانب سے خطے میں امن کے فروغ کے لیے جاری کوششوں اور مختلف ممالک کے ساتھ سفارتی روابط سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو آگاہ کیا۔
اس موقع پر انتونیو گوتریس نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطے اور عالمی سطح پر امن کے قیام میں پاکستان کی کوششیں نہایت اہم اور مثبت ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری کی جانب سے ان اقدامات کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں : توانائی صارفین کے لیے بری خبر، قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن اور استحکام کے لیے عالمی ادارہ پاکستان کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔
یہ پیش رفت پاکستان کی سفارتی کامیابی کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، جس سے عالمی سطح پر اس کے مثبت تشخص کو مزید تقویت ملنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔





