اینکر پرسن نجیبہ فیض کا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بحال

ٹک ٹاک انتظامیہ نے نامور اینکر پرسن و فنکارہ نجیبہ فیض کا اکاؤنٹ بحال کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاک انتظامیہ کی جانب سے اینکر پرسن نجیبہ فیض کا اکائونٹ بحال کر دیا گیا۔ انہیں ٹک ٹاک پر 47 لاکھ لوگ فالو کر رہے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام میں انکشاف کیا تھا کہ ٹک ٹاک پاکستان کی انتظامیہ میں تحریک انصاف کے ورکرز کی اجارہ داری ہے۔

انہوں نے حکومتِ پاکستان، پی ٹی اے اور بااثر حلقوں سے اپیل کی تھی کہ اس معاملے کو ٹک ٹاک انتظامیہ کے سامنے اٹھایا جائے اور ٹک ٹاک پاکستان کی انتظامیہ سے تحریک انصاف کے ورکرز کو خالی کیا جائے کیونکہ یہ تنقید برداشت نہیں کرسکتے۔

انہوں نے ویڈیو میں مزید کہا کہ پی ٹی آئی جو بڑی سیاسی جماعت کے جس کے 91 ایم این ایز، سینکڑوں ایم پی ایز، صوبائی وزرا اور وزیراعلیٰ ہیں لیکن وہ ایک نجیبہ فیض سے ڈرے ہوئے ہیں۔ انہوں نے تحریک انصاف کے ورکرز پر ان کیخلاف غیراخلاقی مہم چلانے کا بھی الزام عائد کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک پاکستان کی اعتدال پسند ٹیم میں ایسے افراد شامل ہیں جو پی ٹی آئی کی حمایت کرتے ہیں اور اس کے لیے کام کرتے ہیں۔ وہ میرے اکاؤنٹ کو معطل کر سکتے ہیں لیکن وہ میرے خلاف انتہائی قابل اعتراض مواد نہیں ہٹا سکتے۔

نجیبہ نے پی ٹی اے، حکومتی اداروں اور صحافیوں سمیت حکام سے درخواست کی کہ وہ ٹک ٹاک پاکستان کی اعتدال پسند انتظامیہ کے مبینہ تعصب کے خلاف کارروائی کریں۔ نجیبہ فیض نے اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ کے بند ہونے کا ذمہ دار پی ٹی آئی کو قرار دیا تھا۔

Scroll to Top