پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں 9 مارچ سے 16 مارچ تک آندھی، گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ چھوٹی اور بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنائے، جبکہ عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہیں۔
کسان حضرات کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمیاتی پیشگوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی زرعی سرگرمیوں کو ترتیب دیں۔ حساس اضلاع میں مقامی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رکھنے کے لیے حفاظتی تدابیر اپنانے کے پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائیں۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو سڑکوں کی بندش کی صورت میں متبادل راستے فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سیاحوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر سے قبل موسمی صورتحال اور سڑکوں کی بندش کے حوالے سے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، اور عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی فری ہیلپ لائن پر دے سکتے ہیں۔