عباس عراقچی نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران اور امریکہ کے درمیان دوبارہ جنگ چھڑی تو ایران مزید امریکی طیاروں کو تباہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
اپنے ایک بیان میں ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج پہلے ہی یہ ثابت کر چکی ہیں کہ وہ جدید ترین ایف 35 لڑاکا طیاروں کو بھی نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ کشیدگی اور جنگی صورتحال سے ایران نے اہم تجربات حاصل کیے ہیں، جن کی بنیاد پر مستقبل میں مزید “حیران کن نتائج” سامنے آ سکتے ہیں۔
عباس عراقچی نے کہا کہ ایران نے نہ صرف اپنی دفاعی حکمتِ عملی کو مزید مضبوط بنایا ہے بلکہ مسلح افواج کی صلاحیتوں میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر دوبارہ جنگ مسلط کی گئی تو ایران بھرپور جواب دینے کی پوزیشن میں ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے امریکی کانگریس کی ریسرچ سروس کی ایک حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ خود امریکی اداروں نے تسلیم کیا ہے کہ اربوں ڈالر مالیت کے متعدد جنگی طیارے تباہ یا شدید نقصان کا شکار ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن، دہشتگردوں کے خلاف فورسز سیسہ پلائی دیوار ہیں: وزیراعظم اور صدر
انہوں نے کہا کہ یہ اعتراف اس بات کا ثبوت ہے کہ ایران کی دفاعی صلاحیتوں کو کمزور سمجھنا ایک بڑی غلطی ہوگی۔
عباس عراقچی کے حالیہ بیان کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ایران اور امریکہ کے تعلقات ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔





