اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کے پاس یہ موقع ہے کہ وہ ایک اصولی مؤقف اختیار کریں جس سے ان کے سیاسی وقار میں اضافہ ہوگا کیونکہ عمران خان ہی واحد لیڈر ہیں جو ایک اصولی موقف پر قائم ہیں جس کی وجہ سے ان کی مقبولیت بڑھ رہی ہے، جبکہ باقی سیاستدانوں کی ساکھ کمزور ہو رہی ہے۔
پختون ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان تحریک انصاف کا سوشل میڈیا اتنا مضبوط نہ ہوتا تو آج صورتحال مختلف ہوتی۔ ان کے مطابق سوشل میڈیا ایک طاقتور ذریعہ بن چکا ہے جو لوگوں کو بااختیار بنا رہا ہے، تاہم کچھ مواقع پر منفی پہلو بھی سامنے آتے ہیں۔
ہمایوں مہمند نے مریم نواز کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ایک پروفیسر کو دھمکاتی ہیں اور کہتی ہیں کہ میں فائر کر دوں گی، آپ ہوتے کون ہیں؟ انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز نے قوم کے پیسے کو بے دریغ اشتہارات پر ضائع کیا، اگر وہ رقم ہسپتالوں کی بہتری پر لگائی جاتی تو آج صحت کا نظام بہتر ہوتا۔