پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام کے درمیان اہم ملاقات کی اندرونی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، پی ٹی آئی نے جے یو آئی کو عید کے بعد ہونے والے احتجاج میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی، جس پر جے یو آئی نے مخصوص شرائط کے ساتھ حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
جمعیت علمائے اسلام نے احتجاج میں شمولیت کے بدلے پی ٹی آئی سے مدارس بل پر حمایت کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی کا مؤقف ہے کہ اگر پی ٹی آئی مدارس بل پر ان کا ساتھ دیتی ہے تو وہ احتجاج میں پی ٹی آئی کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہیں۔
دوسری طرف، پی ٹی آئی قیادت نے فوری جواب دینے کے بجائے اس معاملے پر بانی تحریک انصاف سے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، سلمان اکرم راجہ آج اڈیالہ جیل میں بانی تحریک انصاف سے ملاقات کریں گے، جہاں اس معاملے پر حتمی مشاورت ہوگی۔
پی ٹی آئی، تحریکِ تحفظِ آئین کے ساتھ مل کر احتجاج کی تیاری مکمل کرے گی، جس کے بعد جے یو آئی کی شرکت کا حتمی فیصلہ متوقع ہے۔