وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شاہین چوک، اسلام آباد کے قریب فائرنگ کے واقعے میں پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر داخلہ نے شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔
محسن نقوی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے، انہوں نے ہدایت کی کہ فائرنگ میں ملوث ملزم کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: ایئرفورس کے بہادر گروپ کیپٹن عاصم خاتون کو بچاتے ہوئے شہید
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی اور واقعے کی ہر پہلو سے شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جائے گا۔





