سیمنٹ سیکٹر میں زبردست انقلاب، اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری منظور، معیشت کیلئے بڑی خوشخبری

سیمنٹ سیکٹر میں زبردست انقلاب، اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری منظور، معیشت کیلئے بڑی خوشخبری

لکی سیمنٹ کی پیداواری صلاحیت میں نمایاں اضافہ اور ملک میں سیمنٹ کی مجموعی کھپت میں بہتری نے صنعتی شعبے میں مثبت رجحان پیدا کر دیا ہے۔

ملک میں صنعتی ترقی کیلئے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں 7 نئے سیمنٹ پلانٹس کے قیام کے لیے 700 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس پیش رفت کو ایس آئی ایف سی (SIFC) کی اصلاحات اور سہولت کاری کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے، جس سے صنعتی سرگرمیوں اور برآمدات میں اضافے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ سرمایہ کاری فلیئنگ اور لکی سیمنٹ سمیت مختلف منصوبوں کے لیے منظور کی گئی ہے۔ ایس آئی ایف سی کی معاونت سے لکی سیمنٹ نے کراچی پلانٹ کی اپ گریڈیشن بھی مکمل کر لی ہے، جس کے بعد پلانٹ کی سالانہ پیداواری صلاحیت 3 لاکھ ٹن کے اضافے کے ساتھ 5.35 ملین ٹن تک پہنچ گئی ہے۔ اپ گریڈیشن کے نتیجے میں نہ صرف فیول کی بچت ہوگی بلکہ کوئلے کے استعمال میں بھی کمی آئے گی۔

لکی سیمنٹ کی مجموعی پیداواری صلاحیت بڑھ کر 15.6 ملین ٹن سالانہ ہو گئی ہے، جو کمپنی کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق ان منصوبوں کے ذریعے نہ صرف ملکی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ برآمدات میں بھی بہتری متوقع ہے۔

دوسری جانب آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (APCMA) کی جانب سے جاری کردہ مالی سال 2025-26 کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں سیمنٹ کی مجموعی کھپت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ برآمدات میں معمولی کمی دیکھی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال کے دوران سیمنٹ کی مجموعی کھپت گزشتہ سال کے مقابلے میں 7.21 فیصد اضافے کے ساتھ 5 کروڑ 5 لاکھ 15 ہزار ٹن تک پہنچ گئی، جو تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی کی عکاسی کرتی ہے۔ مقامی مارکیٹ میں طلب میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جہاں مقامی کھپت 9.5 فیصد بڑھ کر 4 کروڑ 15 لاکھ ٹن ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہاؤسنگ سیکٹر، ترقیاتی منصوبوں اور نجی تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی نے مقامی طلب کو سہارا دیا ہے۔ اسی طرح سیمنٹ کی برآمدات میں 2.19 فیصد کمی کے بعد مجموعی حجم 90 لاکھ 8 ہزار ٹن رہ گیا، تاہم مقامی طلب میں اضافہ مجموعی فروخت کو سہارا دینے کا باعث بنا۔

صنعتی ماہرین کے مطابق اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ مالی سال میں بھی سیمنٹ کی مقامی طلب میں مزید اضافہ متوقع ہے، جو ملکی تعمیراتی اور صنعتی شعبے کے لیے مثبت اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔

Scroll to Top