وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی صحت سے متعلق اہم خبر، کئی ماہ سے طبی مسائل کا سامنا، کینولا لگائے تقریبات میں شرکت

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی صحت سے متعلق اہم خبر، کئی ماہ سے طبی مسائل کا سامنا، کینولا لگائے تقریبات میں شرکت

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی صحت سے متعلق مختلف اطلاعات سامنے آئی ہیں، جن کے مطابق وہ کئی ماہ سے طبی مسائل کے باوجود مسلسل سرکاری ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی گزشتہ کئی ماہ سے صحت کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق انہیں پیٹ اور نظامِ ہاضمہ سے متعلق شکایات لاحق ہیں، جن میں تاحال مکمل بہتری نہیں آ سکی، جبکہ مسلسل سرکاری مصروفیات کو بھی ان کی صحت متاثر ہونے کی ایک اہم وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ روزانہ طویل سرکاری اجلاسوں، انتظامی امور اور عوامی سرگرمیوں میں مصروف رہتے ہیں، جس کے باعث انہیں آرام اور علاج کے لیے مطلوبہ وقت نہیں مل پاتا۔ بتایا جا رہا ہے کہ صحت کے مسائل کے باوجود وہ سرکاری ذمہ داریاں معمول کے مطابق انجام دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

چند ہفتے قبل مانسہرہ میں ایک عوامی جلسے کے دوران وزیراعلیٰ کے ہاتھ پر کینولا لگا ہوا دیکھا گیا تھا، جس نے ان کی صحت سے متعلق مختلف قیاس آرائیوں کو جنم دیا۔ بعد ازاں چارسدہ میں معروف عالم دین شیخ ادریس کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے موقع پر بھی ان کے ہاتھ پر کینولا موجود تھا، جس کے بعد ان کی طبیعت سے متعلق خبریں مزید توجہ کا مرکز بن گئیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ گزشتہ کئی ماہ سے علاج کرا رہے ہیں اور ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل بھی کر رہے ہیں، تاہم سرکاری مصروفیات کی وجہ سے انہیں مکمل آرام کا موقع نہیں مل سکا۔ بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ مسلسل انتظامی ذمہ داریوں اور عوامی مصروفیات نے نہ صرف ان کی صحت بلکہ سیاسی اور جماعتی سرگرمیوں کو بھی متاثر کیا ہے۔

تاہم وزیراعلیٰ کی جانب سے اپنے علاج یا صحت کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں بدستور انجام دے رہے ہیں اور حکومتی امور معمول کے مطابق جاری ہیں۔

Scroll to Top