صوبائی دارلحکومت پشاورمیں آندھی اور بارش کے نتیجے میں مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے باعث کم از کم 8 افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔
ریسکیو حکام کے مطابق پشاور میں اچانک شروع ہونے والی تیز آندھی اور طوفانی بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے متعدد حادثات پیش آئے ہیں جن میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
طوفان کے نتیجے میں فقیر کلی، پخہ غلام، چغلپورہ، شاہ عالم پل اور یوسف آباد کے علاقوں میں چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
ترجمان ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا بلال احمد فیضی کے مطابق ان مختلف حادثات میں زخمی ہونے والے آٹھ افراد کو ریسکیو کے میڈیکل ٹیکنیشنز نے موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی جس کے بعد انہیں ایمبولینسز کے ذریعے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی،اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری
متاثرہ علاقوں میں ریسکیو 1122 کا عملہ اور امدادی گاڑیاں تدوست مستعدی کے ساتھ ملبہ ہٹانے اور دیگر ہنگامی اقدامات میں مصروف ہیں۔





