پشاور: زبانی تکرار کے بعد بیٹے نے فائرنگ کرکے والد اور بھائی کو قتل کر دیا

پشاور کے علاقے سربند کے سنگو میں گھریلو تنازع جان لیوا ثابت ہوا، جہاں زبانی تکرار کے بعد ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنے والد اور بھائی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ملزم واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ مدعی خانزیب ولد جونس، سکنہ سنگو کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔

مدعی نے پولیس کو بتایا کہ اس کے والد جونس اور 30 سالہ بھائی ریاض گزشتہ روز گھر میں موجود تھے، اسی دوران ان کی امجد کے ساتھ کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق زبانی تکرار شدت اختیار کرنے پر ملزم امجد نے پستول نکال کر دونوں پر فائرنگ کر دی، جس سے جونس اور ریاض گولیاں لگنے کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔ مدعی نے اس دہرے قتل کا الزام امجد، سکنہ سنگو، پر عائد کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : طالبان کا کوئی اعتبار نہیں، کل کو چوری ڈکیتی کا کریڈٹ بھی لینا شروع کر دیں گے، پی اے ایف افسر کی شہادت پر ٹی ٹی پی کے دعوے پرخواجہ آصف کا ردعمل

اطلاع ملنے پر سربند پولیس اور تفتیشی ٹیم موقع پر پہنچ گئی، جہاں کرائم سین سے اہم شواہد اکٹھے کیے گئے۔

بعد ازاں دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے کے ایم سی منتقل کر دیا گیا، جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی گرفتاری اور واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

Scroll to Top