پشاور: وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے صوبائی اسمبلی اراکین کو بلیو پاسپورٹ جاری کرنے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت یا خیبرپختونخوا اسمبلی نے اس حوالے سے کوئی نیا فیصلہ نہیں کیا۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ بلیو پاسپورٹ کا اجرا وفاقی حکومت کا آئینی اور قانونی اختیار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے سے متعلق پھیلائی جانے والی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔
وزیر اطلاعات کے مطابق قومی اسمبلی کے ارکان اور ان کے بچوں کو تاحیات بلیو پاسپورٹ کی سہولت حاصل ہے، جبکہ سینیٹرز کو بھی تاحیات بلیو پاسپورٹ جاری کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب چاروں صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کو بلیو پاسپورٹ پانچ سال کی مدت کے لیے جاری کیا جاتا ہے، جو رکنیت کی مدت تک محدود ہوتا ہے۔
شفیع جان نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے اراکین کو قانون سے ہٹ کر کوئی اضافی سہولت یا خصوصی مراعات نہیں دی گئیں، وہ پہلے سے رائج قواعد و ضوابط کے مطابق مراعات حاصل کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : K2 ایئرویز کارگو طیارہ حادثہ، پی آئی اے کا اظہارِ افسوس، ریسکیو آپریشن میں تعاون کی پیشکش
انہوں نے بتایا کہ بلیو پاسپورٹ کا معاملہ سندھ اور بلوچستان اسمبلیوں میں بھی زیر بحث آ چکا ہے جبکہ اسپیکرز کانفرنس میں چاروں صوبائی اسپیکرز نے اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سے صوبائی اسمبلی اراکین کے لیے بھی اسی نوعیت کی سہولت کا مطالبہ کیا تھا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 13 برس سے تحریک انصاف کی حکومت ہے، اگر اس حوالے سے قانون سازی مقصود ہوتی تو یہ کام پہلے ہی کیا جا چکا ہوتا۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ افواہوں کے بجائے مستند معلومات پر اعتماد کریں۔





