خیبرپختونخوا اسمبلی کے وقار کیخلاف رپورٹ،مسخ کارروائی یا تقریر شائع کرنے پر قید اور سزا ہوگی، ایکٹ منظور

خیبرپختونخوا اسمبلی کے وقار کیخلاف رپورٹ،مسخ کارروائی یا تقریر شائع کرنے پر قید اور سزا ہوگی، ایکٹ منظور

خیبرپختونخوا اسمبلی نے استحقاق سے متعلق ترمیمی ایکٹ منظور کر لیا ہے، جس کے تحت اسمبلی کے وقار، کارروائی اور ارکان کے استحقاق سے متعلق خلاف ورزیوں پر نئی سزائیں مقرر کر دی گئی ہیں۔

ترمیمی ایکٹ کے مطابق اسمبلی یا قائمہ کمیٹی کی کارروائی، سوالات، قرارداد، تحریک یا تحریک التوا کو ایوان میں پیش کیے جانے یا سرکاری طور پر جاری ہونے سے قبل شائع یا نشر کرنا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

نئے قانون کے تحت خلاف ورزی کرنے والوں کو جرم کی نوعیت کے مطابق قید، جرمانہ یا دونوں سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ایکٹ کے مطابق اسمبلی کی کارروائی یا کسی رکن کی تقریر کی مسخ شدہ رپورٹ شائع کرنے پر 3 ماہ تک قید یا 3 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

اسی طرح ممنوعہ اسمبلی کارروائی یا کمیٹی رپورٹ شائع کرنے کی صورت میں 6 ماہ تک قید، 10 لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔

قانون میں اسمبلی یا اس کے وقار کے خلاف ہتک آمیز بیان شائع کرنے پر بھی سزا مقرر کی گئی ہے، جس کے تحت 6 ماہ تک قید یا 5 لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔

ترمیمی ایکٹ کے مطابق اسمبلی افسر پر حملہ کرنے یا سرکاری فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ ڈالنے پر ایک ماہ تک قید یا ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی حکام کے مطابق اس قانون کا مقصد اسمبلی کے استحقاق اور وقار کا تحفظ کرنا ہے، جبکہ خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے واضح سزاؤں کا تعین کیا گیا ہے۔

Scroll to Top