بوسٹن: فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مراکش کو 0-2 سے شکست دے کر مسلسل تیسری مرتبہ سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔ کپتان کیلیان ایمباپے اور عثمان ڈیمبیلے کی عمدہ کارکردگی فرانس کی کامیابی میں فیصلہ کن ثابت ہوئی۔
بوسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے آغاز سے ہی فرانسیسی ٹیم نے جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور مراکش کے گول پر متعدد حملے کیے۔
پہلے ہاف میں فرانس کو پنالٹی بھی ملی، تاہم ایمباپے کی شاٹ مراکشی گول کیپر نے شاندار انداز میں روک کر اپنی ٹیم کو خسارے سے بچا لیا۔ مسلسل حملوں کے باوجود پہلے 45 منٹ میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں اور مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
دوسرے ہاف میں فرانس نے اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے صرف چھ منٹ کے اندر دو گول کر کے میچ کا رخ مکمل طور پر بدل دیا۔ 60ویں منٹ میں کپتان کیلیان ایمباپے نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، جبکہ 66ویں منٹ میں عثمان ڈیمبیلے نے خوبصورت گول اسکور کر کے فرانس کی برتری دوگنی کر دی۔
مراکش نے بھی واپسی کی کوشش کی اور 82ویں منٹ میں ملنے والی فری کک پر گول کرنے کا موقع ملا، تاہم فرانسیسی گول کیپر نے شاندار بچاؤ کرتے ہوئے گیند کو جال میں جانے سے روک دیا۔ اس کے بعد بھی مراکش کو ایک اور موقع ملا، لیکن وہ بھی ضائع ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں : گلاسگو کامن ویلتھ گیمز: پاکستان نے 36 رکنی دستے کا اعلان کر دیا
اس فتح کے ساتھ فرانس مسلسل تیسری بار فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی، جبکہ مراکش کا سفر کوارٹر فائنل پر اختتام پذیر ہوا۔
مراکش نے اس سے قبل 2022 کے فیفا ورلڈ کپ میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی، جہاں اسے کروشیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
دوسری جانب فرانسیسی کپتان کیلیان ایمباپے نے ایک منفرد عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ رواں ورلڈ کپ میں ان کے گولوں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے، جس کے ساتھ وہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں دو مختلف ایڈیشنز میں آٹھ، آٹھ گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
اس سے قبل انہوں نے قطر میں منعقدہ 2022 کے فیفا ورلڈ کپ میں بھی مجموعی طور پر آٹھ گول اسکور کیے تھے۔





