بلوچستان میں واشک کے علاقے ماشکیل میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں 5 مزدور شہید ہوگئے، سیکیورٹی ذرائع

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں واشک کے علاقے ماشکیل میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں 5 مزدور شہید ہوگئے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے معصوم اور نہتے مزدوروں کو نشانہ بنایا۔ شہید ہونے والوں میں محمد بلال، محمد حسن، محمد قدیر، محسن اور بلال شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق تمام شہید مزدوروں کا تعلق پنجاب سے تھا۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے باعث مشکلات کا سامنا کرنے والے دہشت گرد عناصر اب معصوم شہریوں اور سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنا کر خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں امن و امان کی بحالی اور دہشت گردوں کے خاتمے تک آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا،ڈی جی آئی ایس پی آر

ماہرین کا کہنا ہے کہ دہشت گرد تنظیمیں اپنے مذموم مقاصد کے لیے نسلی بنیادوں پر شہریوں کو نشانہ بنانے کی سازشیں کر رہی ہیں۔ اس سے قبل بھی تفریح کی غرض سے کراچی سے کوئٹہ آنے والی ایک فیملی کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

Scroll to Top