پشاور: وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے خلاف سیاسی جماعتوں کی جانب سے ہونے والے احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں میں سرکاری ملازمین کی شرکت کے معاملے پر نگرانی بڑھانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سیاسی احتجاج، دھرنوں یا کسی تحریک میں شریک ہونے والے سرکاری ملازمین کی تفصیلات مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاج میں شرکت کرنے والے ملازمین کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ان کے محکمے، عہدے، گریڈ اور سرکاری ذمہ داریوں سے متعلق معلومات بھی حاصل کی جائیں گی۔
حکام کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وفاقی یا صوبائی حکومت کے خلاف ہونے والی کسی بھی سیاسی سرگرمی میں شریک سرکاری ملازمین کا ریکارڈ مرتب کیا جائے اور متعلقہ معلومات متعلقہ محکموں تک پہنچائی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں : افغان شناخت کے شبہ میں سرکاری ملازمین کی تحقیقات مکمل، سخت کارروائی کا فیصلہ
ذرائع کے مطابق 27 ستمبر کو پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج اور لانگ مارچ کی کال کے تناظر میں بھی سرکاری ملازمین کی ممکنہ شرکت پر نظر رکھی جائے گی اور احتجاج میں شریک ہونے والے ملازمین سے متعلق معلومات اکٹھی کی جائیں گی۔
دوسری جانب پشاور میں جماعت اسلامی کے جاری احتجاجی مظاہروں میں شرکت کرنے والے سرکاری ملازمین کے بارے میں بھی تفصیلات جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سیاسی سرگرمیوں اور احتجاجی مظاہروں میں شرکت کرنے والے سرکاری ملازمین کے خلاف متعلقہ سرکاری ملازمین کے قوانین اور ضابطوں کے تحت کارروائی کی جاسکتی ہے۔
اس حوالے سے متعلقہ محکموں کو بھی قانون اور قواعد کے مطابق ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔





