خیبرپختونخوا میں اساتذہ کیلئے نئی ہدایات، اسکول اوقات میں محکمہ تعلیم کے دفاتر جانے پر پابندی

پشاور: خیبرپختونخوا کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے اساتذہ کے سرکاری دفاتر کے دوروں سے متعلق نئی ہدایات جاری کردی ہیں، جس کے تحت اساتذہ کو اسکول ڈیوٹی کے اوقات میں محکمہ تعلیم کے مختلف دفاتر جانے سے روک دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ڈائریکٹوریٹ آف ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبرپختونخوا پشاور کی جانب سے باقاعدہ آفس آرڈر جاری کردیا گیا ہے۔

آفس آرڈر کے مطابق تمام اساتذہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ اسکول اوقات کے دوران محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے سیکریٹریٹ، ڈائریکٹوریٹ یا متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کے دفاتر کا دورہ نہ کریں۔

محکمہ تعلیم کے مطابق اسکول اوقات میں کسی استاد کو ڈائریکٹوریٹ یا متعلقہ محکمہ تعلیم کے دفتر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں خصوصی افراد کیلئے مالی امداد کا آغاز، 9298 مستحقین منتخب

تاہم متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کی پیشگی تحریری منظوری حاصل کرنے کی صورت میں اس پابندی سے استثنیٰ دیا جاسکتا ہے۔

آفس آرڈر میں واضح کیا گیا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے اساتذہ کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری جانب تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ اساتذہ کو اپنے مسائل کے سلسلے میں دفاتر آنے کے لیے ہفتے میں صرف دو دن، منگل اور جمعرات مقرر کیے جائیں۔

آفس آرڈر کے مطابق اساتذہ ان دونوں دنوں میں بھی اپنے مسائل کے سلسلے میں محکمہ تعلیم کے دفاتر کا دورہ اسکول اوقات ختم ہونے کے بعد کرسکیں گے۔

Scroll to Top