اسلام آباد: سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے دنیا بھر کے کنٹینٹ کریئیٹرز کے لیے آمدنی کا نیا نظام متعارف کرانے کا اعلان کردیا ہے، جس کا مقصد کاپی شدہ، چوری شدہ اور غیر معیاری مواد کی حوصلہ شکنی جبکہ اوریجنل کنٹینٹ تخلیق کرنے والوں کو مالی فائدہ پہنچانا ہے۔
ایکس کے مطابق نئے نظام کو اوریجنل کنٹینٹ ریوارڈز پروگرام کا نام دیا گیا ہے، جبکہ موجودہ ایڈز ریوینیو شیئرنگ پروگرام 7 ستمبر 2026 کو مکمل طور پر ختم کردیا جائے گا۔
پرانے پروگرام کے تحت کریئیٹرز کو آخری ادائیگی 11 ستمبر کو کی جائے گی، تاہم یہ سہولت پاکستان کے صارفین کو میسر نہیں ہوگی۔
کمپنی کے مطابق نئے پروگرام کے لیے درخواستوں کی وصولی 8 ستمبر 2026 سے شروع ہوگی۔ جن صارفین کی شناختی تصدیق پہلے ہی مکمل ہے اور پے آؤٹ میتھڈ منسلک ہے، انہیں دوبارہ یہ مراحل مکمل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : صوبائی مینجمنٹ سروسز امتحان میں 5 ہزار امیدواروں میں صرف 50 کامیاب
نئے نظام کے تحت ایکس کا بنیادی فوکس اصل اور معیاری مواد تخلیق کرنے والے کریئیٹرز کو مالی طور پر فائدہ پہنچانے پر ہوگا۔
اس اقدام کے ذریعے پلیٹ فارم پر کاپی شدہ اور غیر معیاری مواد کی حوصلہ شکنی اور معیاری و اوریجنل کنٹینٹ کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔





