پوسٹ گریجویٹ نرسنگ کالج حیات آباد میں اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کرنے والے طلبہ پر پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے متعددطلبہ کو حراست میں لے لیا ہے۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے سخت اقدام اٹھایا گیا۔
واقعے کی سامنے آنے والی ویڈیو میں پولیس اہلکاروں کو طلبہ کے خلاف طاقت کا استعمال کرتے ہوئے اور انہیں گھسیٹ کر گاڑیوں میں منتقل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کارروائی کے بعد کالج کے احاطے اور اطراف میں شدید کشیدگی پھیل گئی ہے۔
طلبہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے جائز مطالبات کی منظوری کے لیے مکمل طور پر پرامن احتجاج کر رہے تھے۔ تاہم انتظامیہ نے مذاکرات کی راہ اپنانے کے بجائے پولیس کے ذریعے تشدد کا راستہ منتخب کیا۔
طلبہ نے پولیس کے اس طرزِ عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور گرفتار ساتھیوں کی بلا تاخیر رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کے شہریوں کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کے حوالے سے بڑی خوشخبری
ان کا کہنا ہے کہ مسائل کا حل تشدد کے بجائے بات چیت سے نکالا جائے اور مطالبات کی منظوری تک احتجاجی سلسلہ جاری رہے گا۔





