چارسدہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد کو ہلاک کر دیا اور تھانے پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔
پولیس حکام کے مطابق، ہلاک ہونے والا دہشت گرد جاوید خان، جو بنوں کا رہائشی تھا، مختلف دہشت گرد کارروائیوں، بشمول وین پر حملے اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا اور پولیس کو مطلوب تھا۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) بھی اس کی سرگرمیوں کا سراغ لگا رہی تھی۔
پولیس کے مطابق، شبقدر تھانے کی حدود میں دہشت گردوں نے ایک پولیس چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی، تاہم فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ موقع سے پستول، دستی بم اور بارودی مواد برآمد کر لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: چارسدہ: پولیس شہداء اور ملازمین کے بچوں کے لیے مفت تعلیم کا معاہدہ
علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور فرار ہونے والے دہشت گرد کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔
انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبر پختونخوا نے چارسدہ پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہا اور کہا کہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔