چارسدہ میں پولیس کے شہداء اور حاضر سروس ملازمین کے بچوں کے لیے تعلیمی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم معاہدہ طے پایا ہے۔
ہیومن سپورٹرز آرگنائزیشن اور چارسدہ پولیس کے درمیان ہونے والے اس معاہدے کے تحت، پولیس شہداء کے بچوں کو مکمل طور پر مفت تعلیم فراہم کی جائے گی، جبکہ حاضر سروس پولیس اہلکاروں کے بچوں کو 50 فیصد رعایتی تعلیمی سہولتیں دی جائیں گی۔
معاہدے کی دستاویزات پر چارسدہ کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سلیمان ظفر PSP اور ہیومن سپورٹرز آرگنائزیشن کے چیئرمین سجاد ترنگزئی نے دستخط کیے۔
اس معاہدے کے تحت چارسدہ کے مختلف معروف تعلیمی ادارے جیسے کہ سپیرئیر اور انسپائر کالجز اور دیگر نجی اسکولز پولیس شہداء اور ملازمین کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کریں گے۔
ڈی پی او چارسدہ سلیمان ظفر نے اس موقع پر کہا کہ پولیس کے جوانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔
یہ بھی پڑھیں شہید پولیس اہلکار کی بیوہ نے شہدا پیکج نہ ملنے پر آئی جی کے پی کو خط لکھا دیا
یہ معاہدہ پولیس شہداء کے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
ہیومن سپورٹرز آرگنائزیشن کے چیئرمین سجاد ترنگزئی نے کہا کہ ہمارا مقصد ان بچوں کو تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے جو اپنے والدین کی قربانیوں کے باعث مالی مشکلات کا شکار ہو سکتے ہیں۔
ہم ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے تاکہ یہ بچے تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو سکیں۔





