ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل ایبٹ آباد نے کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت عبداللہ شاہ کے نام سے ہوئی، جسے بٹگرام بازار سے گرفتار کیا گیا۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم کپڑے کی دکان کی آڑ میں حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی کا کاروبار کر رہا تھا۔
ایف آئی اے حکام نے کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 2 لاکھ 23 ہزار پاکستانی روپے اور غیر ملکی کرنسی کی مد میں 700 درہم برآمد کیے۔ اس کے علاوہ، حوالہ ہنڈی سے متعلق شواہد بھی حاصل کر لیے گئے۔ حکام کے مطابق، ملزم بغیر لائسنس کے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث تھا اور برآمد شدہ کرنسی کے حوالے سے کوئی تسلی بخش وضاحت فراہم نہ کر سکا۔
گرفتاری کے بعد ملزم کے خلاف تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور مزید انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔ ایف آئی اے نے غیر قانونی مالی لین دین میں ملوث دیگر عناصر کے خلاف بھی سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔