چیٹ جی پی ٹی استعمال کرنے والے صارفین کو ایک نئے آن لائن فراڈ کا سامنا ہے۔
سائبر مجرمان صارفین کو جعلی پیغام کے ذریعے ایسے لنکس پر لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں جو ان کے کمپیوٹر پر مال ویئر انسٹال کر سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ فراڈ اس وقت سامنے آتا ہے جب صارف گوگل پر چیٹ جی پی ٹی تلاش کرتا ہے۔ سرچ نتائج میں اسپانسرڈ اشتہار کے ذریعے صارف کو بظاہر چیٹ جی پی ٹی کی اصل ویب سائٹ تک پہنچایا جاتا ہےتاہم وہاں ایک کسٹم جی پی ٹی موجود ہوتا ہے جو ہرسوال کے جواب میں ایک مخصوص جعلی پیغام دکھاتا ہے۔
اس پیغام میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ بنیادی ڈومین پر سروس کی دستیابی محدود ہے اور صارف کو چیٹ جی پی ٹی پلس اپ گریڈ کرنے یا کسی متبادل ڈومین پر جانے کا آپشن دیا جاتا ہے۔
فراڈ کو زیادہ قابل یقین بنانے والی بات یہ ہے کہ صارف بظاہر اصل چیٹ جی پی ٹی ڈومین پر ہی موجود ہوتا ہے اور اگر وہ پہلے سے لاگ ان ہو تو اس کا اکاؤنٹ بھی لاگ ان دکھائی دیتا ہے۔
اس کے علاوہ جعلی کسٹم جی پی ٹی کا نام پلس 5.6 رکھا گیا ہے جو عام صارف کے لیے بظاہر کسی نئے ماڈل یا پلس فیچر کا نام محسوس ہو سکتا ہے۔





