پاکستان نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے اپنی چیٹ جی پی ٹی متعارف کروا دی ہے۔
اس کے بیس ماڈل کو کامیابی سے تیار کر کے پاکستانی مارکیٹ میں لانچ کر دیا گیا ہے، جس کی رونمائی کی تقریب اسلام آباد میں منعقد کی گئی۔
تقریب میں آئی ٹی ماہرین اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، جنہوں نے اس ٹیکنالوجی کو پاکستان کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا۔
اس منصوبے کی بانی اور آئی ٹی ایکسپرٹ مہوش سلیمان علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذہانت اے آئی کو مختلف مراحل میں کامیابی سے گزارا گیا اور اب یہ پاکستانیوں کے لیے دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کو ڈیٹا سینٹرز میں طویل محنت کے بعد حقیقت کا روپ دیا گیا ہے۔
مہوش سلیمان علی کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی صرف ان کی ذاتی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی کامیابی ہے۔ ہم نے دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنا ہے، اور اس کے لیے ہمیں دن رات محنت کرنی پڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیں واٹس ایپ میں رنگا رنگ چیٹ تھیمز کا اضافہ کرنے کا اعلان
ذہانت اے آئی چیٹ جی پی ٹی مختلف زبانوں میں دستیاب ہوگی اور پاکستانی صارفین اسے اپنے ڈیٹا سرورز کے ذریعے استعمال کر سکیں گے۔ مہوش سلیمان نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان کے لیے بلکہ عالمی سطح پر بھی ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک نئی سمت کا تعین کرے گا۔
تقریب میں شریک افراد نے اس پیشرفت کو پاکستان کی ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے ملک کی ترقی میں اس کی اہمیت پر زور دیا۔ اس منصوبے کے ذریعے پاکستان نہ صرف اپنے آئی ٹی کے شعبے میں ترقی کرے گا، بلکہ دنیا کے جدید ترین ٹیکنالوجی رجحانات کا حصہ بھی بنے گا۔