وزیراعظم کی ہدایت پر ایلون مسک کی کمپنی اسٹارلنک کو این او سی جاری

وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستان اسپیس ایکٹیوٹیز ریگولیٹری بورڈ نے پر ایلون مسک کی کمپنی اسٹارلنک کو این او سی جاری کر دیا، جس کے بعد ملک میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے آغاز کی راہ ہموار ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق،وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستان اسپیس ایکٹیوٹیز ریگولیٹری بورڈ نے تمام ریگولیٹری تقاضے پورے کرنے کےبعد اسٹار لنک کو این او جاری کردیا ہے جس کے بعد پاکستان ٹیلی کیمونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) آئندہ دو ہفتوں میں اسے لائسنس جاری کرے گا۔

کمپنی پہلے ہی پی ٹی اے میں لائسنس کے لیے درخواست، ٹیکنیکل اور بزنس پلان جمع کروا چکی ہے، جبکہ ایس ای سی پی اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ سے رجسٹریشن مکمل کر لی ہے۔

پاکستان میں 2023 میں نیشنل سیٹلائٹ پالیسی متعارف کروائی گئی تھی، جبکہ 2024 میں اسپیس ایکٹیویٹیز رولز کے ذریعے اسپیس کمیونیکیشن کو مضبوط بنایا گیا۔ اسٹارلنک کی سروسز کے آغاز سے ملک میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی میں نمایاں بہتری کی توقع ہے۔

اسٹار لنک کیا ہے؟

اسٹار لنک ایک سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس ہے جو اسپیس ایکس کمپنی فراہم کرتی ہے، اس کا مقصد دنیا کے مختلف حصوں میں تیز رفتار اور قابل اعتماد انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنا ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں روایتی انٹرنیٹ کنیکشن جیسے فائبر آپٹک یا کیبل دستیاب نہیں ہیں۔

اسٹار لنک سیٹلائٹ کے ذریعے انٹرنیٹ سروس فراہم کرتا ہے، جس میں زمین سے خلا میں سیکڑوں سیٹلائٹس کا استعمال کیا جاتا ہے۔

پاکستان میں اسٹار لنک کی کیا قیمت طے ہوگی؟

فی الحال اس حوالے سے ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا، ابھی کمپنی کی رجسٹریشن کا مرحلہ طے ہوا ہے، ابھی پالیسی اور دیگر اقدامات کے حوالے سے بہت سی چیزیں رہتی ہیں، جس میں کافی وقت درکار ہوگا، جس کے بعد ہی قیمت کے حوالے سے کچھ کہا جا سکے گا۔

عمومی طور پر اسٹار لنک کی قیمت ماہانہ 100 ڈالر کے برابر ہوتی ہے، راؤٹر اور ڈش وغیرہ کے ساتھ ساڑھے 500 ڈالر تک پہلی مرتبہ خرچ کرنا ہوتا ہے لیکن ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا کیونکہ کمپنیوں کی جانب سے کبھی کبھار کوئی خصوصی پیکج بھی کم آمدن ممالک کو دیے جاتے ہیں، بصورت دیگر ایک حقیقیت مسلمہ ہے کہ یہ انٹرنیٹ کے مسائل کا بہت ’مہنگا حل‘ ہے۔

یہ سہولت عام شہری کی پہنچ سے دور ہوگی، پاکستان میں 20 ایم بی کا پیکج 3 ہزار سے 3500 روپے مالیت کا ہوتا ہے، یہاں 100 ڈالر کافی بڑی رقم ہے

Scroll to Top