ریسکیو آپریشن کی خود مانیٹرنگ، گورنر خیبر پختونخوا کا دیر کالونی سانحے کا سخت نوٹس اور تفصیلی رپورٹ طلب

دیر کالونی میں پرائیویٹ اسکول کی چھت گرنے کے خونی سانحے پر صوبائی قیادت اور پولیس حکام شدید غم و غصے اور تشویش میں مبتلا ہیں۔ 

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) ذوالفقار حمید نے معصوم بچوں کی جانیں بچانے کے لیے امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور ایمبولینسوں کی بلا تعطل آمدورفت کے لیے گرین کوریڈور قائم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی کا اظہارِ تعزیت اور تفصیلی رپورٹ کا طلب

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے سے معصوم بچوں اور خاتون ٹیچر کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کی۔

 ان کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں کی قیمتی جانوں کا ضیاع ایک انتہائی دردناک اور نا قابلِ برداشت سانحہ ہے۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، جبکہ حادثے کی وجوہات اور مجرمانہ غفلت کا تعین کرنے کے لیے متعلقہ حکام سے فوری اور تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

آئی جی پی ذوالفقار حمید کا ہنگامی ایکشن اور گرین کوریڈور کا قیام

دوسری جانب آئی جی پی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او پشاور کو ہدایت کی ہے کہ وہ امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کریں اور ملبے تلے دبے افراد کو فوری اور محفوظ طریقے سے نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔

یہ بھی پڑھیں : سانحے کے ذمہ دار قانون سے نہیں بچ سکیں گے، غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت ترین ایکشن ہوگا، ثمر ہارون بلور

ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز پولیس کے مطابق آئی جی پی نے چیف ٹریفک آفیسر پشاور کو حکم دیا ہے کہ زخمی معصوموں کی ہسپتالوں تک بروقت منتقلی کے لیے فوری طور پر گرین کوریڈور قائم کیا جائے اور تمام مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو بلا تعطل برقرار رکھا جائے۔

 مزید برآں آئی جی پی نے ایس ایس پی آپریشنز اور پولیس ریسکیو ٹیموں کو جائے وقوعہ پر تمام انتظامی وسائل فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

آئی جی پی ذوالفقار حمید نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمی بچوں اور اساتذہ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

Scroll to Top