صوبائی حکومت کا نجی سکولوں کی عمارتوں کی جانچ کے لیے ضلعی انکوائری کمیٹیوں کےقیام کا نوٹیفکیشن جاری

صوبائی حکومت نے پشاور کے دیر کالونی سکول سانحے کا سخت نوٹس لیتے ہوئےصوبے بھر کے نجی سکولوں کی عمارتوں کی حفاظتی جانچ اور ساختی مضبوطی کا جائزہ لینے کے لیے ضلعی سطح پر خصوصی انکوائری کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پشاور کے علاقے دیر کالونی میں الخیر ایجوکیشن سسٹم کے کلاس روم کی چھت گرنے کے دل خراش واقعے کے بعد صوبائی حکومت کی ہدایت پر محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا نے صوبے بھر کے نجی تعلیمی اداروں کا تفصیلی معائنہ کرنے کےلئے انکوائری کمیٹیاں قائم کردی ہیں۔ یہ کمیٹیاں تمام اضلاع میں نجی سکولوں کی عمارتوں کی ساختی مضبوطی، جسمانی حالت اور تعلیمی سرگرمیوں کے لیے ان کی موزونیت کا باریک بینی سے جائزہ لیں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق معائنے کے دوران سکولوں کی چھتوں، دیواروں، ستونوں، بیم، بنیادوں، سیڑھیوں اور دیگر تمام تعمیراتی حصوں کی کامل جانچ کی جائے گی۔ کمیٹیاں معائنے کے بعد عمارتوں کو محفوظ، مرمت کی ضرورت والی یا ممکنہ طور پر غیر محفوظ عمارتوں کے طور پر درجہ بند کریں گی۔

جن عمارتوں میں خطرات کی نشاندہی ہوگی ان کی ضروری مرمت اور بحالی کے اقدامات تجویز کیے جائیں گے جبکہ فوری خطرے کی حامل عمارتوں کے بارے میں ضلعی حکام کو آگاہ کر کے عمارت کا استعمال معطل یا رسائی محدود کرنے کی سفارش کی جائے گی۔

تشکیل دی گئی انکوائری کمیٹیوں میں ضلعی مانیٹرنگ افسر بطور چیئرمین شامل ہوں گے، جبکہ ان کے ساتھ محکمہ تعلیم کے متعلقہ افسران اور محکمہ مواصلات و تعمیرات (C&W) کا نمائندہ بھی موجود ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخواکے ایڈوائزری کونسل کے قلمدانوں کی تقسیم کا نوٹیفکیشن جاری

محکمہ تعلیم نے تمام کمیٹیوں کو پابند کیا ہے کہ وہ نوٹیفکیشن کے اجرا کے تین دن کے اندر اپنی تفصیلی رپورٹ اور ضروری اصلاحی اقدامات کی سفارشات پیش کریں۔ تمام متعلقہ اداروں کو نجی سکولوں کی فہرستیں فراہم کرنے اور اس عمل کو موثر بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

 

Scroll to Top