راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ فریقی سیریز کے سنسنی خیز تیسرے میچ میں سری لنکا نے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا ہدف کامیابی سے حاصل کرتے ہوئے انگلینڈ کو شکست دے دی ہے۔
میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلش ٹیم نے کپتان ہیری بروک کی طوفانی ڈبل سنچری کی بدولت مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز کا پہاڑ جیسا ٹوٹل بورڈ پر سجایا۔
ہیری بروک نے محض 116 گیندوں پر 21 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 202 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ جو روٹ نے 69، ول جیکس نے 66 اور ٹام بیٹن نے 50 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے دنتھ ویلالاگے نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
430 رنز کے تعاقب میں سری لنکا کا آغاز انتہائی خراب رہا اور محض 23 رنز پر کمنڈو مینڈس اور کپتان کوشل مینڈس پویلین لوٹ گئے۔ تاہم اس کے بعد اوشکا فرنینڈو (97) اور پوون رتنانائیکے (130) کے درمیان 166 رنز کی بہترین شراکت نے ٹیم کو سنبھالا دیا۔
بعد ازاں داسن شناکا کے دھواں دار 97 رنز اور جنیتھ لیاناگے کی برق رفتار اننگز کی بدولت سری لنکا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر یہ ناممکن ہدف حاصل کر کے تاریخ رقم کر دی۔
انگلینڈ کی جانب سے سیم کرن نے 2 جبکہ جوش ٹنگ، جیمی اوورٹن اور لیام ڈاسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ اس سہ فریقی سیریز میں دونوں ٹیموں کو اپنے افتتاحی میچز میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔





