higher education department

وزیراعلیٰ کی محکمہ اعلیٰ تعلیم کو 10 سالہ منصوبے کا مسودہ تیار کرنے کی ہدایت

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے تمام سرکاری جامعات کے چانسلر کا عہدہ سنبھال لیا ہے اور اعلیٰ تعلیم کی ترقی کے لیے مربوط پالیسی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کی جانب سے سیکریٹری ہائر ایجوکیشن کو جاری مراسلے میں اعلیٰ تعلیم کے 10 سالہ منصوبے کے لیے 21 دن میں ابتدائی مسودہ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مراسلے کے مطابق مسودے میں جامعات میں خود کفالت، تحقیقی معیار، اور طلبہ کے روزگار کے مواقع بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔ نئی پالیسی میں مالی استحکام، تحقیق، طلبہ کی مہارت، اور گورننس کے فروغ کو بھی شامل کیا جائے گا۔

اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور بین الاقوامی تعاون کو پالیسی کا حصہ بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ کمیٹیوں کی رپورٹس کو یکجا کر کے ایک جامع پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آڈیو لیکس کیس،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار

وزیر اعلیٰ نے منصوبے میں قانونی، انتظامی اور مالی اصلاحات کی سفارشات شامل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ اس 10 سالہ حکمت عملی کو کابینہ کی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا تاکہ صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے نظام کو مزید مؤثر اور جدید بنایا جا سکے۔

Scroll to Top