ملک کی خاطر تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر آنا چاہیے، علی محمد کا بیان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی محمد خان نے کہا ہے کہ سیاست اپنی جگہ ہے، لیکن ملک کے مفاد میں ہمیں ایک پیج پر آنا چاہیے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کے مسئلے کا حل تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں کو مل کر نکالنا ہوگا۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ہم قومی یکجہتی کی طرف بڑھ رہے ہیں، دونوں طرف ایسے لوگ موجود ہیں جو چاہتے ہیں کہ اس مسئلے کا حل نکلے۔ سب کو مل کر دہشت گردی کے مسئلے کا حل نکالنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سسٹم کو نارمل موڈ میں لانے کے لیے ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک ساتھ بیٹھیں اور مشترکہ اقدامات کریں۔

علی محمد خان نے تسلیم کیا کہ ہم نے کم اور حکومت نے زیادہ مواقع گنوائے ہیں، سیاسی اختلاف ذاتی اختلافات میں بدل چکے ہیں، جو ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔

علی محمد خان نے سیاسی قیادت کے لیے ایک اور اہم پیغام دیا اور کہا کہ ہمارے کچھ عہدیداروں کو آرمی چیف سے تعزیت کے لیے جانا چاہیے، بیرسٹر گوہرا اور سلمان اکرم راجہ کو بھی فاتحہ خوانی کے لیے جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں سیاسی پارٹیوں کا مقصد صرف حکومت عوام کی خدمت نہیں ہے ،سینئر صحافی

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نہیں تو بانی پی ٹی آئی نہیں، پاکستان نہیں تو کچھ بھی نہیں، ہم کسی بھی بیرونی عمل کی حمایت نہیں کریں گے جس سے ملکی سلامتی کو خطرہ ہو۔ علی محمد خان نے جناح ہاؤس پر حملے کے حوالے سے کہا کہ جناح ہاؤس کو جس نے بھی آگ لگائی ہے، وہ غلط تھا۔

انہوں نے اپنی گفتگو کے اختتام پر کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ ہم سیاست کے اختلافات کو چھوڑ کر ملک کی بہتری اور استحکام کے لیے ایک ہو جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو ایک ساتھ آنا ضروری ہے۔

Scroll to Top