نوشہرہ: اسلحہ کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے 12 سالہ بچہ جاں بحق

نوشہرہ کے علاقے مصری بانڈہ میں اسلحہ کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے شوق نے ایک اور قیمتی جان لے لی۔ 12 سالہ طالبعلم رحیم زادہ اپنے کمرے میں پستول کے ساتھ ویڈیو بنا رہا تھا کہ اچانک گولی چل گئی۔

فائرنگ کے نتیجے میں رحیم زادہ شدید زخمی ہو گیا اور اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ہسپتال پہنچنے سے قبل وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق رحیم زادہ نے اسلحہ کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کی کوشش کی تھی، جو بدقسمتی سے حادثے کا باعث بن گئی۔

 پولیس حکام نے اس واقعے کو حادثہ قرار دیتے ہوئے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اسلحہ کے غیر ذمہ دارانہ استعمال اور نوجوانوں میں سوشل میڈیا کے اثرات کے باعث اس طرح کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں پشاور،نماز تراویح کے دوران ٹک ٹاک ویڈیو بنانے والے دو نوجوان گرفتار

پولیس نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اسلحہ کے خطرناک استعمال سے بچائیں اور سوشل میڈیا پر محتاط رہنے کی ہدایات دیں تاکہ اس طرح کے افسوسناک واقعات کا سدباب کیا جا سکے۔

Scroll to Top