ریسکیو 1122 ملاکنڈ نے عید الفطر کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع ایمرجنسی پلان جاری کر دیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ناصر خان کی ہدایات پر تمام ریسکیو اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور عملے کو مکمل طور پر الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
ایمرجنسی پلان کے مطابق ریسکیو ٹیمیں عید کے دوران مختلف عیدگاہوں اور مساجد میں تعینات رہیں گی تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کا بروقت اور مؤثر طریقے سے سدباب کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ آن کال افسران کو 24 گھنٹے دستیاب رہنے کی ہدایت دی گئی ہے اور تمام ایمرجنسی گاڑیوں، آلات، اور طبی سہولتوں کی مکمل تیاری کو یقینی بنایا گیا ہے۔
عید کے دوران عوام کی بڑی تعداد تفریح کے لیے مختلف مقامات کا رخ کرتی ہے، خاص طور پر دریائے سوات میں نہانے اور تفریح کے دوران حادثات کا خدشہ ہوتا ہے۔
اس لیے ریسکیو 1122 ملاکنڈ نے ماہر غوطہ خور اور میڈیکل ٹیموں کو مختلف حساس مقامات پر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے کی صورت میں فوری امداد فراہم کی جا سکے۔
ریسکیو 1122 ملاکنڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عید کی تعطیلات میں عوامی مقامات پر ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ریسکیو کی تمام خدمات کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں خیبرپختونخوا حکومت کا سیاحتی مقامات پر ریسکیو 1122 اسٹیشنز قائم کرنے کا اقدام
عوام سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر 1122 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔
ریسکیو 1122 نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور عوامی مقامات پر غیر ضروری خطرات سے بچنے کی بھی اپیل کی ہے تاکہ عید کی خوشیوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔